گزشتہ دنوں علامہ حافظ نذیر احمد خان قادری کے دورہ بارسلونا کے موقع پر منہاج یوتھ لیگ سپین کی جانب سے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے نئے مرکز میں نوجوانوں کے لیے "روحانیت کیا ہے؟" کے موضوع سے ایک خصوصی تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے ممبران سمیت نوجوانوں نے بارسلونا بھر سے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

اس خصوصی تربیتی نشست کا آغاز حافظ محمد اسد بخاری نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا جس کے بعد محمد عتیق الرحمان نے نعتِ رسولِ مقبول پیش کی ، نشست میں نقابت کے فرائض سیکریٹری جنرل منہاج یوتھ لیگ سپین احسن جاوید نے سر انجام دیئے ۔

سفیرِ یورپ تحریک منہاج القرآن علامہ حافظ نذیر احمد قادری نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کو روحانیت کے بارے تفصیلی معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا جس طرح ہمارے اجسام کو خوراک کی ضرورت ہوتی ہے اسی طرح ہماری روح کو بھی ضرورت ہوتی ہی، لیکن موجودہ دور میں ہم اپنی روحانی غذا کی طرف بالکل توجہ نہیں دیتے اور یہی چیز ہماری ناکامی کی وجہ بنی ہے ، انہوں نے نوجوانوں کو طہارت کے بارے میں بھی بتایا ، انہوں نے کہا کہ یورپ میں رہتے ہوئے ہم دین ِ اسلام پر پاکستان کی نسبت زیادہ اچھے طریقے سے عمل کر سکتے ہیں اور اپنے عمل سے دوسروں کو متاثر بھی کر سکتے ہیں ، یہاں رہتے ہوئے ہماری ذمہ داریوں میں اضافہ ہو جاتا ہے کیونکہ ہم سب یہاں اسلام کے سفیر ہیں ، انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے متعلق بھی نوجوانوں کو بتایا اور کہا کہ جو کام انہوں نے دورِ حاضر میں کیا ہے اس کی صدیوں تک کوئی مثال نہیں ملتی اور ان کا یہ عظیم کام امتِ مسلمہ کے لیے آئندہ دور میں بہت کام آئے گا ، انہوں نے کہا کہ تاریخ اسلام میں جب بھی کوئی بڑی ہستی اس دنیا میں آئی ہے اس کا ساتھ سب سے پہلے نوجوان نسل نے ہی دیا ہے اور تحریک منہاج القرآن بھی اس چیز کی زندہ مثال ہے ، علامہ حافظ نذیر احمد قادری نے بتایا کہ جب 1995 میں میں پہلی مرتبہ سپین میں آیا تھا تو اس وقت یہاں منہاج القرآن کی مسجد نہیں تھی1996 میں جب پرانا مرکز تعمیر کیا گیا تو اس وقت نوجوانوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر تھی صرف 10/15 بزرگ تھے لیکن الحمدللہ آج کی تربیتی نشست میں 60 سے زیادہ نوجوانوں کو دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے ، آخر میں انہوں نے نوجوانوں کو روحانی میدان میں ترقی کے لیے چند وظائف بھی بتائے ۔

نمازِ عشاءادا کرنے کے بعد سوال جواب کی نشست کا آغاز ہوا جس میں نوجوانوں نے دینِ اسلام اورعصرِ حاضر کے سوالات کیے جن کا سفیرِ یورپ نے قرآن و سنت کی روشنی میں تفصیلاً جواب دیا ، یہ نشست رات 12 بجے تک جاری رہی ۔

فُل سائز تصاویر