منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے شعبہ ویلفیئر کے زیرِ اہتمام سوات اور مالاکنڈ میں فوجی آپریشن کی وجہ سے بے گھر ہونے والے افراد کی مدد و بحالی کے لیے کولیکشن کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے ، اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے گزشتہ دنوں منہاج القرآن بارسلونا کی مجلس عاملہ اور مجلس شوریٰ کے اجلاس میں مختلف طریقہ کار وضع کیے گئے ہیں۔
منہاج القرآن بارسلونا کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں شعبہ ویلفیئر اور مصالحتی کونسل کے ممبران پر مشتمل 4 کمیٹیاں تشکیل دی گئیں تھیں جنہوں نے Raval،Gotico، Poble Sec ، Sant Antoni، Badalona، Santa Coloma اور Hospitalet علاقوں سے کولیکشن کی مہم کامیابی سے مکمل کی ۔یہ چار کمیٹیاں بالترتیب محمد نواز کیانی (ناظم ویلفیئر)، حاجی محمد نذیر اداسی (ممبر مصالحتی کونسل)، مرزا محمد اکرم بیگ (ممبر مصالحتی کونسل) اور حاجی مظہر حسین (صدر منہاج القرآن سپین) کی سربراہی میں تشکیل دی گئیں تھی ، دیگر ممبران میں حاجی فیض بخش اعوان، محمد ارشد محمود، حاجی لیاقت علی، چوہدری پرویز اختر اور زاہد حسین زاہدی شامل تھے ۔ 31 مئی بروز اتوار کو منہاج القرآن بارسلونا کی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں مذکورہ بالا کمیٹیوں نے اپنی رپورٹس پیش کیں جن کو ایگزیکٹو کونسل اور اراکین شوریٰ کی جانب سے سراہا گیا اور مزید ممبران کی شمولیت سے کمیٹیوں کو از سر نو تشکیل دیا گیا۔ منہاج مصالحتی کونسل اور شعبہ ویلفیئر کے اراکین کو اجلاس میں طے ہونے والے نئے طریقہ کار کے مطابق کام کی ہدایات دی گئیں ۔ شعبہ ویلفیئر و مصالحتی کونسل کی رپورٹس کے مطابق اب تک 8000 یوروسے زیادہ کے فنڈز اکٹھے کیے جا چکے ہیں جس میں منہاج ویمن لیگ سپین کی طرف سے اکٹھی کی گئی 1300 یورو کی رقم بھی شامل ہے ۔ ایگزیکٹو کونسل و شوریٰ کی جانب ویمن لیگ کو احسن طریقہ سے اپنی مہم چلانے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
منہاج القرآن بارسلونا کے ناظم ویلفیئر محمد نواز کیانی نے نظامت نشرو اشاعت سے گفتگو کے دوران بتایا کہ متاثرین سوات و مالاکنڈ آپریشن کی بحالی کے لیے جب ان کے ممبران عوام سے فنڈز کی اپیل کے لیے گئے تو کیمونٹی نے ہمیشہ کی طرح منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے فلاحی منصوبہ جات کی تکمیل کے لئے اپنی استطاعت کے مطابق تعاون کیا ہے ، انہوں نے کیمونٹی کے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ بھی اپنے ہم وطنوں کی مدد کے لیے دل کھول کر تعاون کریں ، کیونکہ آپریشن سے متاثرہ علاقوں میں صورت حال بہت سنگین ہے ، عالمی اداروں اور حکومت پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق متاثرین کی تعداد 30 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے ، آپریشن ختم ہونے کے بعد ان متاثرین کی اپنے گھروں میں واپسی تک ہماری مہم جاری رہے گی ۔
منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چوہدری نے بھی اپنے بیان میں منہاج القرآن بارسلونا کی مختلف شعبہ جات کی طرف سے کیے جانے والے اب تک کے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے امدادی قافلے سوات و مالاکنڈ کے آپریشن سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے مردان میں اپنے کیمپ لگا چکے ہیں، وہاں خیمہ بستیاں بھی آباد کی جا چکی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ بچوں کی تعلیم کے سلسلے کو جاری رکھنے کے لیے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی طرف سے وہاں خیمہ بستیوں کے اندر اسکولز بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔