بارسلونا کے قدیم ترین علاقے Ravalکی مسلم و غیر مسلم تنظیمات کے زیر اہتما م سالانہ عوامی افطار پارٹی 26جولائی بروز جمعرات کو Rambla del Ravalپر انعقاد پذیر ہو گی جس میں مقامی سپانش عوام کے علاوہ بارسلونا اور کاتالونیا کے سرکاری عہدیداران بھی شرکت کریں گے جن میں ڈائریکٹر جنرل برائے امیگریشن Xavier Bosch، ڈائریکٹر جنرل برائے مذہبی امور Xavier Puigdollers، ضلع Ciutat Vellaکی انتظامی سربراہ Merce Homs اور کاتالونیا کے ممبرانِ پارلیمنٹ شامل ہیں ۔

اس تقریب میں پاکستانی اور عربی کھانوں سے مہمانوں کی تواضع کی جائے گی ، مسلمان کیمونٹی کی طرف سے منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری اور اسلامک کونسل کاتالونیا کے سیکریٹری جنرل محمد حل حول ماہ رمضان کے موضوع پر سپانش و کاتالان زبان میں گفتگو کریں گے ۔ اس موقع پرRambla del Ravalکی کھلی فضاء میں اذان بھی گونجے گی۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بارسلونا Ravalکی سماجی و مذہبی تنظیمات کے زیر اہتمام گزشتہ کئی سالوں سے یہ تقریب انعقاد پذیر ہوتی ہے جس کا بنیادی مقصد مقامی آبادی اور مسلمان تارکینِ وطن کے مابین اچھی ہمسائیگی اور تعلقات کو فروغ دینا ہے ۔ آرگنائزر تنظیمات میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین ، اسلامک کونسل آف کاتالونیا، خواتین کی تنظیم Acesop ، ابنِ بطوطہ ایسوسی ایشن، چرچ Carme، Ravalکی مسیحی تنظیم، فلپائن کیمونٹی کی تنظیم اور Fundacio Tot Raval خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں ۔