منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیرِ اہتمام "پاکستان مزید قریب "(Pakistan Mas Cerca)کے عنوان سے تاریخ پاکستان اور حالاتِ حاضرہ پرمعلوماتی مکالمہ کا انعقاد 10 اور 11 جولائی کو کیا جائے گا، اس پروگرام کے مہمان خصوصی قونصلر جنرل بارسلونا عزت مآب ایاز حسین سید ہونگے جبکہ بارسلونا اور سپین کے دیگر علاقوں کی یونیورسٹیوں کے پروفیسرزخطاب کریں گے جن میں Diputación de Barcelonaبارسلونا صوبہ کی امیگریشن امور کی سربراہ Teresa Llorens اور بارسلونا یونیورسٹی کے سیاسیات کے پروفیسر Pere Vilanova بھی شامل ہیں ۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے ترجمان محمد اقبال چودھری کے مطابق اس کانفرنس کا مقصد مقامی لوگوں کو پاکستان کے بارے درست معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے ذہنوں میں موجود شکوک و شبہات کو دور کرنا ہے ، انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا آغاز 10 جولائی بروز جمعرات کو دن 4:30 پر ہو گا اور اختتام شام 7:30 پر ہو گا جبکہ 11 جولائی بروز جمعہ کو شام 5 بجے آغاز ہو گا اور شام 8:20 پر اختتام ہو گا ، پروگرام کے دوران بانی پاکستان قائدِ اعظم محمدعلی جناح پر ہسپانوی زبان میں ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی جائے گی ، موجودہ حالات میں خصوصی اہمیت کے حامل اس پروگرام کا انعقاد بارسلونا صوبہ کے کلچر سنٹر CCCB میں کیا جائے گا جو کہ C / Montalegre, 5 میں بارسلونا یونیورسٹی کے بالکل سامنے واقع ہے ۔

منہاج القرآن بارسلونا کی طرف سے تمام پاکستانی بھائیوں سے استدعا ہے کہ وہ اس پروگرام میں خود بھی شامل ہوں اور اپنے ہسپانوی دوستوں کو بھی ساتھ لائیں ۔