منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے اجلاس منعقدہ 28جولائی 2012میں برما (میانمار)میں مسلمانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی گئی ہے اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس معاملے کے حل میں اپنا کردار اداء کریں ۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ ہم برما(میانمار) میں مسلمانوں کی نسل کشی کی شدید مذمت کرتے ہیں اور عالمی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ برما (میانمار) کی حکومت کو مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث گروہوں کے خلاف کاروائی کرنے پر مجبور کرے، انہوں نے کہا چونکہ سپین میں برما کی ایمبیسی یا قونصلیٹ نہیں اس لیے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی طرف سے جلد ہی یورپی یونین اور اقوامِ متحدہ کے دفاتر میں احتجاجی یاداشت جمع کروائی جائے گی ۔محمد اقبال چوہدری نے برما (میانمار) کے مسلمانوں کے قتل عام پر اسلامی ممالک کی حکومتوں، اسلامی کانفرنس تنظیم، عرب لیگ اور دیگر عالمی اداروں کی خاموشی کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی ۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے قائم مقام صدر ظل حسن قادری نے بھی برمی مسلمانوں کے قتل عام کو انتہائی تشویشناک قرار دیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی خاموشی انتہائی شرمناک ہے ، ۔انہوں نے کہا کہ برمی مسلمانوں کا قتل عام رکوانے کے لیے اسلامی حکومتوں اور بالخصوص پاکستانی حکومت کو بھی اپنا کردار اداء کرنا چاہیے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مذمتی قرارداد پیش کی جائے اور پاکستان کی حکومت بڑی طاقتوں کے سفیروں کو اس زیادتی کے بارے آگاہ کرتے ہوئے اس کو روکنے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کرے ۔