9اگست بروز منگل کو منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عالم اسلام کی عظیم روحانی، علمی، اصلاحی اور فلاحی تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کو اقوام متحدہ کی طرف سے Special Consultative Status کا درجہ دیا جانا یقیناًپورے عالم اسلام کے لیے اور بالخصوص اہلیان پاکستان کے لیے انتہائی قابل فخر اور خوشی کی خبر ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی طرف سے فروغ تعلیم، قیام امن، بین المذاہب رواداری اور سماجی و فلاحی بہبود کے بے شمار دیگر منصوبوں کو مغرب بالخصوص اقوام متحدہ میں تسلیم کیا جانا اور اس سے بڑھ کر خصوصی مشاورتی حیثیت دینا یقیناًفروغ امن کے لیے اور اسلام کا اصل پیغام عالم مغرب اور پوری دنیا تک پہنچانے کے لیے مددگار ثابت ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت مسلمان اور پاکستانی قوم جس پستی، کرب اور جہالت کا شکار ہے اس سے نکلنے کے لیے دین اسلام کی اصلی سوجھ بوجھ رکھنا بہت ضروری ہے اور آج کا دور دلیل کا دور ہے اس لیے منہاج القرآن انٹرنیشنل نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں دلیل اورمکالمہ کو فروغ دینے کے لیے اپنے قیام کے آغاز سے ہی اپنے منشور کا حصہ بنایا اور اس کو ہمیشہ اپنی ترجیحات میں سر فہرست رکھا اور یہی وجہ ہے کہ تحریک منہاج القرآن کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔