4فروری بروز جمعۃ منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں ہنگامی اجلاس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے امیر علامہ عبد الرشید شریفی، قائم مقام صدر محمد ظل حسن قادری، نائب صدر حاجی زاہد اختر ، سیکریٹری جنرل نوید احمد اندلسی، صدر مصالحتی کونسل محمد اقبال چوہدری، صدر مجلس شوریٰ حاجی محمد ارشد اور صدر یوتھ لیگ احسن جاوید خان نے نظامت نشر و اشاعت سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اقلیتی امور شہباز بھٹی کے قتل کی شدید مذمت کی ہے اور اسے پاکستان کے خلاف سازش قرار دیا ہے ۔

اجلاس میں شامل عہدیداران نے کہا کہ یہ واقعہ پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کرنے اور بین الاقوامی طور پر ایک غیر محفوظ ریاست قرار دینے کی سازش ہے ، ایسے واقعات میں کوئی بھی مسلمان ملوث نہیں ہو سکتا کیونکہ اسلام دین امن و رحمت ہے ، انہوں نے حکومت پاکستان سے اس سفاکانہ قتل میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اسلامی قوانین کی روشنی میں غیر مسلموں کو بھی اسلامی ریاست میں مکمل حقوق حاصل ہیں ۔