منہاج مصالحتی کونسل سپین کی طرف سے 11جون بروز جمعہ ، بادالونا کے مقامی پاکستانی ریسٹورنٹ پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی مرکزی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا ۔ اس موقع پر حکومت کاتالونیا کی ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور Montserrat Coll، بلدیہ بادالونا کے کونسلر شعبہ سماجی بہبود Josep Pera، بلدیہ بادالونا کے مشیر David Torrents، بلدیہ بادالونا کے کونسلر شعبہ تعلیماتJosep Duran،مشیر شعبہ تعمیرات Blas ، ہسپانوی وزارت داخلہ کے شعبہ انٹیلی جنس کے نمائندگان ، پاکستان پریس کلب کے چیئر مین عبد الرزاق صادق، پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر منظور حسین شمس، آفتاب حسین ابرار، قمر مہر اور حلیم بٹ کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ۔منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کی ایگزیکٹو ، منہاج یوتھ لیگ سپین اور منہاج القرآن بادالونا کے عہدیداران نے بھی اس تقریب میں شرکت کی ۔

ظہرانے پر کاتالان حکومت کی ڈائریکٹر جنرل برائے مذھبی امور محترمہ Montserrat Collنے فرانسیسی زبان میں سنیئر نائب ناظم اعلیٰ زاہد فیاض سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سرگرمیوں کے بارے تبادلہ خیال کیا، دوران گفتگو محترمہ Montserrat Collنے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین اور منہاج مصالحتی کونسل سپین کے کردار کی زبردست تعریف کی اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ کاش تمام تنظیمات اسی طرح کام کریں بالخصوص انہوں نے نام لے کر منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری کو بین المذاہب اور بین الثقافتی سرگرمیوں میں بھر پور حصہ لینے کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا جس کے بعد محترم صاحبزادہ صاحب نے کہا کہ ہمیں محمدا قبال چوہدری جیسے کارکنان پر فخر ہے اور ہم ان کی اعلیٰ خدمات کو سراہتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی طرف سے ان کے لیے گولڈ میڈل کا اعلان کرتے ہیں ۔

ظہرانے کی تقریب کے بعد محمد اقبال چوہدری نے نظامت نشرو اشاعت سے اپنی گفتگو میں کہا کہ میرے لیے اس سے بڑا اعزاز کیا ہو سکتا ہے کہ ہمارے قائدین نے میرے کام کو سراہا اور خوشی کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ میڈل یا اعزاز صرف میرے لیے نہیں بلکہ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے تمام شعبہ جات کے لیے ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ بلا شبہ تحریک منہاج القرآن کا ادنیٰ کارکن ہونا ہی میرے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے ۔