6مئی کو منہاج اسلامک سنٹر بادالونا کے افتتاح کے بعد پورے بارسلونا، بادالونا اور کاتالونیا بھر کی پاکستانی کیمونٹی کی طرف منہاج القرآن سپین کو مبارک باد کے پیغامات وصول ہونے کا سلسلہ جا ری ہے ۔ زیر نظر خبر بارسلونا میں قائم پاکستانی سیاسی و سماجی تنظیمات اور ان سے وابستہ شخصیات کی طرف سے مبارک باد کے پیغامات پر مشتمل ہے۔

بارسلونا اور سپین کے دیگر علاقوں کی 26پاکستانی تنظیمات پر مشتمل پاکستان فیڈریشن کے صدر راجہ شعیب ستی نے منہاج القرآن سپین کی دعوت پر افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور منہاج القرآن بارسلونا کے قائدین کے نام اپنے مبارک باد کے پیغام میں کہا کہ انہیں آج بادالونا میں مسجد کی افتتاحی تقریب میں شرکت کر کے دلی خوشی ہوئی ہے یہ بادالونا کے مسلمانوں کا ایک دیرینہ خواب آج منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے پورا ہو رہا ہے اس موقع پر انہوں نے بادالونا کی پاکستانی تنظیمات ندائے پاکستان اور پاک پنجاب کاتالان ایسوسی ایشن کا بھی مسجد کے قیام میں تعاون پر شکریہ اداء کیا ، انہوں نے کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل نے یورپ بھر میں مساجد کا جال بچھا دیا ہے یورپ میں جس بڑے شہر میں بھی جائیں وہاں منہاج القرآن کا مرکز موجود ہوتا ہے اور اب سپین میں بھی منہاج القرآن کا یہ چوتھا مرکز قائم ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم اس کام میں منہاج القرآن کے ساتھ ہیں اور اپنی طرف سے پورے تعاون کا یقین دلاتے ہیں ۔

پاکستان مسلم لیگ ن سپین کے سرپرست اور بادالونا کے رہائشی آفتاب حسین ابرار نے بھی مسجد کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور تمام انتظامی امور میں منہاج القرآن بادالونا کی ٹیم کے شانہ بشانہ کام کیا ۔انہوں نے کہا کہ آج بادالونا کے مسلمانوں کے ایک حسین خواب کی تعبیر کا دن ہے یقیناًاس مسجد کے قیام سے ہماری آنے والی نسل کو صراط مستقیم پر چلنے ، اپنے مذہبی شعائر کی پابندی اور دین کے علم کو سیکھنے میں بھرپور مدد ملے گی ۔واضح رہے کہ محترم آفتاب حسین ابرار کی عملی معاونت سے بادالونا مسجد کے افتتاح سے پہلے ہی 15روزہ درس قرآن و حدیث کا پروگرام چل رہا تھا اور اسی طرح ماہانہ محفل گیارہویں شریف میں بھی ان کا بھر پور تعاون شامل ہے ۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے متحرک کارکن کامران برکت نے بارسلونا کے مقامی صحافیوں سے اپنی گفتگو میں منہاج القرآن بادالونا کی مسجد کے قیام پر مسلمان اور خصوصاً پاکستانی کیمونٹی کو مبارک باد دی ۔



ممتاز کارو باری و سماجی شخصیت چوہدری مظہر اقبا ل وڑائچانوالہ نے منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چوہدری سے اپنی گفتگو میں منہاج القرآن بادالونا کے مرکز کے قیام پر مبارک باد پیش کی اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اب بادالونا کے مسلمانوں کو اپنی عبادت کرنے کے لیے دور دراز کا سفر نہیں کرنا پڑے گا ۔ چوہدری مظہر اقبال آف وڑائچانوالہ نے مسجد کے قیام میں بھرپور مالی تعاون فراہم کیا تھا ۔

ممتاز کاروباری ، سیاسی و سماجی شخصیت اور پاک پختون اتحاد ایسوسی یشن کے صدر سید ظفر علی شاہ نے بھی مسجد کے قیام پر انتہائی خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے منہاج القرآن سپین کو دلی مبارک باد پیش کی، اور کار خیر میں اپنے بھرپور تعاون کا وعدہ کیا ، انہوں نے کہا کہ یہ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین پر اللہ تعالیٰ کا خصوصی کرم ہے کہ منہاج القرآن کو بادالونا میں بھی مسجد کے قیام کے لیے عملی کوششیں کرنے کی سعادت حاصل ہوئی ، اب اس مسجد سے قیام سے اس علاقے کے لوگوں کو یقیناًبہت فائدہ ہو گا ۔

ممتاز کاروباری ، سیاسی شخصیت اور ندائے کشمیر کے صدر راجہ مختار احمد سونی نے مسجد کے قیام پر دلی مسرت کا اظہار کیا اور منہاج القرآن سپین کو دلی مبارک باد پیش کی، اور اس کار خیر میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دھانی کرائی، انہوں نے کہا کہ یہ منہاج القرآن سپین کی پوری ٹیم صد بار مبارک باد کی مستحق جنہوں نے انتہائی کم عرصہ میں مسجد کے قیام کو یقینی بنایا ۔

ممتاز کاروباری شخصیت اور پاک پنجاب کاتالان کے سابقہ صدر چوہدری قیصر محمود نت نے بھی مسجد کے قیام پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا اور بادالونا کی تنظیمات کو مبارک باد پیش کی ۔ یاد رہے کہ مسجد کے قیام کے لیے ابتدائی کوششوں میں چوہدری قیصر محمود نت کا بھرپور کردار رہا ہے ۔

ان کے علاوہ Espakکاروباری چین کے ڈائریکٹر سعد اللہ خان، پاک فیڈریشن کے ڈپٹی سپیکر ذوالفقار علی حشمت (المعروف بابا علی)، گجر فورم سپین کے صدر چوہدری اقبال گجر، ندائے پاکستان کے جنرل سیکریٹری محمد حلیم بٹ، پاک فیڈریشن سپین کے سابقہ صدر فیض اللہ ساہی ، پاک فیڈریشن کے نائب صدر طارق حفیظ عباسی، پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز عباسی اور محمد اکرم گل نے بھی منہاج القرآن بارسلونا کے صدر حاجی مظہر حسین، سرپرست محمد نواز کیانی ، سیکریٹری جنرل نوید احمد اندلسی اور صدر مصالحتی کونسل محمد اقبال چوہدری کے نام اپنے اپنے پیغامات میں مسجد کے قیام پر بھرپور مسرت کا اظہار کیا اور اس مقدس کام میں اپنے بھرپور عملی تعاون کی یقین دھانی کرائی ۔