ہفتہ 15 ستمبر کو نئی جامع مسجد منہاج القرآن بارسلونا میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں تحریک منہاج القرآن کے بادالونا شہر کے وابستگان نے شرکت کی، اجلاس کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے سیکریٹری جنرل محمد اقبال چوہدری نے کی جبکہ منہاج القرآن بارسلونا کے نائب صدر پرویز اختر،ناظم ویلفیئر محمد نوا زکیانی، ناظم نشر و اشاعت نوید اصغر، سیکریٹری یوتھ لیگ محمد احسن جاوید، محمد حسیب، محمد کامران و دیگر نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی ۔

باقاعدہ آغاز کے بعد منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے سیکرٹری جنرل محمد اقبال چوہدری نے اجلاس میں شرکت کرنے والے ساتھیوں خوش آمدید کہا اور انہیں اس نیک مقصد آمد پر مبارک باد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ بارسلونا سنٹر کے بعد بادالونا ہی وہ جگہ ہے جہاں پاکستانی فیملیزکثیر تعداد میں رہائش پذیر ہیں اور نئی فیملیز کی آمد کا سلسلہ گزشتہ 4 سال سے جاری ہے اس لیے ہمیں وہاں کسی ایسی درسگاہ کا انتظام کرنا ہو گا جس سے ہماری اپنی اور ہماری آنے والی نسلوں کی تربیت ہو سکے اور الحمد للہ منہاج القرآن کے زیرِ انتظام بارسلونا شہر کے سنٹر میں ایسے دو مراکز موجود ہیں اب ہمارا اگلا ہدف بادالونا میں مسجد کی تعمیر ہے جس کا آغاز ہم آج منہاج القرآن بادالونا کی تشکیل سے کریں گے ۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے ناظمِ نشر و اشاعت نوید اصغر نے بتایا کہ تحریک منہاج القرآن کے بنیادی اہداف 5 ہیں، تعلق باللہ، ربطِ رسالت ، رجوع الی القرآن، اتحادِ امت اور مصطفوی انقلاب، اور یہ مشن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں گزشتہ 25 سال سے تجدید و احیائے دین کا کام کر رہا ہے ۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے بانی صدر اور ناظمِ ویلفیئر محمد نواز کیانی نے بادالونا کے ساتھیوںکو وہاں پر مسجد کے لیے جگہ کی تلاش اور اس کی تعمیر کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دھانی کرائی، یاد رہے کہ محمد نواز کیانی پاکستانی کیمونٹی کے لیے ویلفیئر کے حوالے سے منفرد مقام رکھتے ہیں۔

بادالونا شہر سے تشریف لانے والے احباب نے متفقہ طور پر صدر کی ذمہ داری کے لیے ثاقب علی ڈار، نائب صدر جہانگیر حسین، جنرل سیکریٹری عدنان رضا، ناظمِ نشر واشاعت عمیر ڈار اور ناظمِ مالیات کے لیے ارسلان اعظم کیانی کو منتخب کیا ۔

منہاج القرآن بارسلونا کے عہدیداران نے نو منتخب تنظیم کو مبارک باد دی جبکہ تحریک منہاج القرآن یورپ کے امیر علامہ حسن میر قادری نے ٹیلیفون پر خطاب کرتے ہوئے نو منتخب ذمہ داران کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کی کامیابی کے لیے دعا کی ۔

محفل کے آخر میں منہاج القرآن بارسلونا کے خطیب علامہ عبد الرشید شریفی نے خصوصی دعا کی ۔


 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

فُل سائز تصاویر