گزشتہ دنوں ADN اخبار کی خوصی دعوت پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے 8 رکنی وفد نے اخبار کے دفتر کا دورہ کیا، وفد میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سیکریٹری جنرل محمد اقبال ، منہاج یوتھ لیگ سپین کے نائب صدر محمد عتیق، سیکریٹری جنرل احسن جاوید ، کامران اکرم، رضوان علی سلطانی، حسنات مصطفی، برکات مصطفی، ظہیر اسلام اور محمد شفیق شامل تھے ۔

شام 6 بجے جب منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کا وفد جب وہاں پہنچا تو Torre Agbar میں قائم اس دفتر کے ذمہ داران نے وفد کا استقبال کیا ۔ یاد رہے کہ ADN اخبار کا افتتاح یکم مارچ 2006 کو ہوا تھا ، اور سپین بھر میں ہر روز اس کو مفت تقسیم کیا جاتا ہے۔

منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوانوں نے اخبار کی تیاری اور چھپائی کے مختلف مراحل پر سوالات کیے جن کا اخبار کے ڈائریکٹر اورایڈیٹرز نے تفصیلاً جوابات دئیے۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری اخبار کی روزانہ 10 لاکھ کاپیاں بارسلونا اور اس کے مضافات میں مفت تقسیم کی جاتی ہیں جبکہ ہر روز 15 لاکھ سے زیادہ لوگ اس اخبار کو پڑھتے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ اخبارات کی تیاری پر ہونے والے اخراجات اس میں چھپنے والے اشتہارات سے بآسانی نکل آتے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ ADNپورے سپین کی واحد اخبار ہے جس کے ہر روز 2 ایڈیشن چھپتے ہیں ایک صبح کے ٹائم اوردوسرا شام کے وقت۔

منہاج یوتھ لیگ سپین کی طرف سے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈائریکٹرALBERT نے بتایا کہ جمعہ اور ہفتہ کو ہماری چھٹی ہوتی ہے جبکہ باقی دنوں میں ہم صبح سے لے کر دن 2 بجے تک خبریں تلاش کر تے ہیں اور شام کے وقت اگلے دن کے اخبار کی تیاری شروع کر دیتے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ یہاں کام کرنے والے افراد کی تعداد 40 کے قریب ہے ۔

آخر میں ڈائریکٹر نے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سیکریٹر ی جنرل محمد اقبال اور منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوانوں کو دورہ کی دعوت قبول کرنے پرشکریہ کے کلمات کہے جبکہ منہاج یوتھ لیگ سپین کے نائب صدر محمد عتیق نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے دورہ جات سے ہمیں ایک دوسرے کے بارے میں جاننے کا موقعہ ملتا ہے اور ہماری معلومات میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔