گزشتہ دنوں منہاج القرآن بارسلونا کے نئے مرکز میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی مجلسِ شوریٰ کا اجلاس انعقاد پذیر ہوا، جس میں اہم تحریکی امور پر گفتگو کی گئی ۔

اجلاس کی صدارت صدرِ مجلسِ شوریٰ میاں برکات احمد نے کی ، انہوں نے اجلاس کا آغاز کرتے ہوئے حضور پر درود و سلام بھیجنے کی فضیلت بیان کی اور شرکاءاجلاس میں ایک قرارداد پیش کی جس کے مطابق منہاج القرآن کی مجلسِ شوریٰ کا ہر ممبر روزانہ 100مرتبہ سرکارِ دوعالم کی ذاتِ با برکات پر درود و سلام کا نذرانہ بھیجا کرے گا ، صدرِ مجلس کی تجویز کو سب اراکینِ شوریٰ نے متفقہ طور پر منظور کیا اور اجلاس میں ہی اس چیز کا آغاز کیا سب نے مل کر 100/100 مرتبہ درود شریف پڑھا ۔

اجلاس کے ایجنڈا پر گفتگو کے آغاز کے لیے میاں برکات احمد نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سپین کے صدر محمد نواز کیانی کو دعوت دی انہوں نے منہاج القرآن بارسلونا سپین کے نئے مرکز کی تعمیرات کی تفصیل فراہم کیں اور مرکز کی تعمیر وغیرہ پر اب تک جو خرچہ ہوا ہے اس سے بھی سب ساتھیوں کو آگاہ کیا ۔

میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی محفل کے انعقاد کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے شرکاءنے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس دفعہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر علامہ حافظ نذیر احمد قادری کو بلایا جائے اور اس کے علاوہ اراکینِ اجلاس نے بادالونا میں بھی میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے انعقاد کی منظوری دی ۔


ناظمِ نشر و اشاعت نوید اصغر نے بتایا کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس مرتبہ بھی میلاد النبیصلی اللہ علیہ وسلم کی محفل میں عمرہ ٹکٹ کی قرعہ اندازی کی جائے گی ۔ نمازِ عشاءکے بعد نائب ناظمِ دعوت و تربیت علامہ خان محمد چشتی نے خصوصی دعا کی اور اجلاس اختتام پذیر ہوا ۔