17 مئی بروز اتوار منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں ماہانہ گیارہویں شریف اور محفل درس قرآن کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے امیر علامہ ظل عمر القادری نے خطاب کیا، محفل میں اہل بارسلونا نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ ماہانہ گیارہویں شریف کی محفل کو درس قرآن اور محفل ذکر الٰہی کے ساتھ رکھا گیا ، عوام الناس نے محفل کے بعد اپنے تبصروں میں بتایا کہ ان کو علامہ صاحب کا خطاب اور محفل ذکر الٰہی بہت پسند آئی ہے ، منہاج القرآن بارسلونا کی طرف سے آئندہ اسی ترتیب سے محافل کروانے کا اعلان کیا گیا ۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے حافظ محمد عابد نقشبندی نے کیا جس کے بعد سلسلہ نعت خوانی شروع ہوا اس دوران سیف اللہ،اصفہان لیاقت، انعام حسین اور منیر حسین نے ہدیہ نعت پیش کیا ۔ سلسلہ نعت خوانی کے بعد نقیب محفل حافظ محمد عابد نقشبندی نے علامہ ظل عمر القادری کو دعوت خطاب دی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے امیر علامہ ظل عمر القادری نے اپنے خطاب کا آغاز پیران پیر شیخ عبد القادریجیلانی کی شان بیان کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کے آغاز سے اب تک دنیا میںبہت بڑے مالدار اور تاجر آئے لیکن کوئی کسی کو یاد نہیں کرتا لیکن لوگ غوث اعظم، خواجہ بہاؤالدین اور حضرات داتا گنج بخش کو آج بھی یاد کرتے ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے جو مجھے یاد کرتا ہے میں اسے یاد کرتا ہوں اور ان بزرگان دین نے اپنی زندگیاں اللہ تعالیٰ کی یاد میں گزاریں ۔ اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے اکابرین کی سنت پر عمل کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کو اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے راستے پر گزاریں ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں یہ بھی بتایا کہ آج کل ٹیلی ویژن چینلز پر اسلام کے نام پر کچھ نام نہاد ولی اللہ دنیا سے دھوکہ فریب کرتے ہیں جس سے اسلام اور مسلمانوں کی بدنامی ہوتی ہے ، ہمیں چاہئے کہ ہم ایسی چیزوں کی حوصلہ شکنی کریں۔ علامہ ظل عمر القادری نے بتایا کہ دنیا میں ہر وقت 7000 ولی موجود ہوتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے لگائی گئیں مختلف ذمہ داریاں سر انجام دیتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سچے ولی کی نشانی یہ ہے کہ اس کے چہرے کو دیکھنے سے اللہ تعالیٰ کی یاد آئے ۔ انہوں نے اولیاءکرام میں موجود ابدال نامی گروہ کے بارے بھی شرکاءمحفل کو تفصیل بتاتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادر ی کے والد گرامی ڈاکٹر فرید الدین قادری کا ملک شام کا ایک واقعہ سنایا جس میں ان کی ایک ابدال کے ساتھ ملاقات ہوئی تھی ۔ علامہ ظل عمر القادری نے کہا کہ آج بھی اللہ تعالیٰ کا ولی بننا ممکن ہے اس کے بعد انہوں نے حضرت فضیل بن عیاض اور حضرت بشر حافی کے واقعات بیان کیے ۔

خطاب کے بعد منہاج یوتھ لیگ سپین کے نعت خوانان (محمد شفیق اور عاطف احشام ) نے تمام شرکاءکے ساتھ کھڑے ہو کر آقاءدو جہاں صلی اللہ وعلیہ وسلم کی بارگاہ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا ، نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد محفل ذکر الٰہی سجائی گئی جس میں علامہ ظل عمر القادری نے ذکر الٰہی کی اہمیت بیان کی۔ محفل کے اختتام پر گیارہویں شریف کا لنگر تقسیم کیا گیا۔

| | | | | | | | | | |
فُل سائز تصاویر