8 مارچ بروز اتوار کو شب میلاد مصطفی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے موقع پر منہاج اسلامک سنٹربارسلونا میں شب بیداری کا انعقاد کیا گیا جس میں اہل بارسلونا کی کثیر تعداد نے شرکت کی، منہاج یوتھ لیگ سپین کی نعت کونسل نے ہدیہ نعت پیش کیا اور امیر تحریک منہاج القرآن بارسلونا علامہ عبد الرشید شریفی نے خطاب کیا، صبح صادق کے وقت محفل درود و سلام بھی انعقاد پذیر ہوئی ۔ اس محفل میں صدر منہاج القرآن بارسلونا حاجی مظہر حسین، سیکریٹری جنرل نوید احمد اندلسی، صدر منہاج مصالحتی کونسل محمد اقبال چوہدری، صدر یوتھ لیگ محمد عتیق اور سیکریٹری یوتھ احسن جاوید خان سمیت منہاج القرآن بارسلونا کے دیگر عہدیداران و رفقاءنے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

محفل شب بیداری کا باقاعدہ آغاز نمازِ عشاءکے بعد تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت امام مسجد حافظ محمد عابد نقشبندی نے حاصل کی اس کے بعد محفل میں موجود نعت خوانان نے آقائے دوجہاں (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے ان خوش قسمتوں میں محمد جلیل، محسن صدیق، محمد طاہر اور دیگر شامل تھی، اس موقع پر منہاج یوتھ لیگ سپین کی نعت کونسل نے نعت رسول مقبول(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پیش کرنے کی سعادت حاصل کی جس کو شرکائے محفل نے بہت پسند کیا ۔

رات 1 بجے علامہ عبد الرشید شریفی (امیر منہاج القرآن بارسلونا) کو دعوت خطاب دی گئی انہوں نے اپنے خطاب میں تعلق بالرسالت اور ذکر مصطفی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی فضیلت پر قرآن و حدیث کے حوالہ جات کے ساتھ روشنی ڈالی، انہوں نے آقائے دو جہاں کے یوم ولادت منانے پر تفصیل سے گفتگو کی اس کے علاوہ انہوں نے صحابہ کرام اور بزرگان دین کے آقاء(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے تعلق و نسبت کو بھی بیان کیا ۔انہوں نے کہا کہ آج ہماری سب سے بڑی ضرورت اپنے نبی(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے تعلق پیدا کرنا ہی، ہماری ہر کامیابی کا راز اسی چیز میں ہے انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور اس کے بانی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اسی تعلق کی بحالی و مضبوطی کے لیے دنیا بھر میں کام کر رہے ہیں اور اس بات کا ثبوت یہ ہے کہ شیخ الاسلام کوئی بھی موضوع کہیں سے بھی شروع کریں تو اس میں عشق رسول(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی بات لازمی ہوتی ہے ۔

علامہ صاحب کے خطاب کے بعد باجماعت نمازِ تسبیح ادا کی گئی، محفل میں حاضری زیادہ ہونے کے باعث نماز کے دوران مسجد میں تل دھرنے کو جگہ نہ رہی،اجتماعی دعا کے بعد میلاد النبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے دن کی نسبت سے منہاج القرآن بارسلونا کی طرف سے شرکائے محفل کے لیے سحری کا شاندار انتظام کیا گیا ۔

صبح 5 بجے محفل کے شرکاءنے کھڑے ہو کر دست بستہ نبی آخر الزماں کی بارگاہ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا اس موقع پر منہاج یوتھ لیگ سپین کی نعت کونسل نے درود منہاج جبکہ دیگر افراد نے میٹھا میٹھا میرے محمد کا نام، مصطفی جانِ رحمت پہ لاکھوں سلام اور یا نبی سلام علیک پیش کیا۔ اپنے آقاء (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے دیوانے 1 گھنٹہ تک جھوم جھوم کر درود و سلام پڑھتے رہے ۔ ساری رات جاری رہنے والی یہ عظیم الشان محفل نماز فجر پر خصوصی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی ۔

|

|

|

|

| |

|

|

|

|

|

|

|

|

|

|

|

|

|




فُل سائز تصاویر