بارسلونا سپین میں عید الفطر 1 اکتوبر کو منانے کا فیصلہ منہاج القرآن بارسلونا کا نہیں بلکہ کتالونیا اور سپین کی معتبر مساجد و مذہبی تنظیمات کا ہے ،منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے ترجمان محمد اقبال چوہدری کے مطابق کتالونیا میں مسلمانوں کی سب سے بڑی تنظیم Consell Islamic de Catalunya اسلامک کونسل کتالونیا ہے جس میں40 کے قریب عربی مساجد اور تنظیمات شامل ہیں اس تنظیم نے سپین کی دیگر اسلامی تنظیموں کے ساتھ مل کر اس بات کا اعلان کیا ہے کہ عید الفطر 1 اکتوبر کو منائی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن بارسلونا نے اکثریت کا فیصلہ تسلیم کرتے ہوئے اپنے مراکز میں عید الفطر 1 اکتوبر کو منانے کا اعلان کیا ہے ۔

محمد اقبال چوہدری نے انٹرنیٹ کے بعض آن لائن اخبارات پر موجود خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں کا کام ہی تنقید برائے تنقید ہوتا ہے ان کا مقصد صرف اپنے نام کی مشہوری کرنا ہے ،کیمونٹی کے ان نام نہاد لیڈروں کو چاہیے کہ پہلے معاشرے اور کیمونٹی کے اندر اپنا مقام دیکھیں اور پھرکسی بات پر تنقید کریں ، انہوں نے کہا کہ بارسلونا میں یکم اکتوبر کو عید الفطر صرف منہاج القرآن ہی نہیں بلکہ مسجد طارق بن زیاد ، مرکز دعوت اسلامی اور دیگر مراکشی تنظیمات بھی کر رہی ہیں، جبکہ میڈرڈ سپین میں سب سے بڑی مسجد M30 میں بھی عید الفطر 1 اکتوبر کو منانے کا اعلان کیا گیا ہے ، تو پھر کیا وجہ ہے کہ تنقید صرف منہاج القرآن پر ہی کیا جا رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی معاملات پر تنقید یا بحث کرنے سے پہلے ہمیں اپنے گریبان میں بھی جھانکنا چاہیے کہ ہم مذہب پر کتنا عمل پیرا ہیں اور مذہب کی کونسی خدمت کر رہے ہیں ۔