منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے زیرِ اہتمام جامع مسجد منہاج القرآن بارسلونا میں ماہانہ گیارہویں شریف کی محفل انعقاد پذیر ہوئی جس میں اہلِ بارسلونا اور بالخصوص نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ محفل کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے امام مسجد منہاج القرآن بارسلونا حافظ عبد الرزاق نقشبندی نے کیا جس کے بعد نعت خوانوں نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے ، ان خوش قسمتوں میں محمد شفیق(یوتھ)، محمد عتیق(یوتھ)، محمد انعام (چلڈرن)، اسلام حسین(یوتھ)، غلام محی الدین، اصفہان لیاقت (چلڈرن)اور محمد عاطف احتشام(یوتھ) شامل ہیں ۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے امیرتحریک علامہ عبد الرشید شریفی کو دعوت خطاب دی گئی جنہوںنے اپنے خطاب میں قرآن کریم کی آیاتِ مقدسہ کی روشنی میں بزرگانِ دین کی عظمت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کے نیک بندے تنگی ہو یا فراوانی وہ ہر حالت میں اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں، ان کو کسی وجہ سے کسی پر غصہ آئے تو وہ غصہ پی جاتے ہیں اور درگزر فرمانے والے نرم دل ہوتے ہیں۔

انہوں نے اس بات کو مزید واضح کرتے ہوئے اما جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ کی زندگی کی ایک مثال بیان کی:امام صاحب نے ایک دن اپنی لونڈی سے پیاس کی حالت میں پانی طلب کیا تو پانی دیتے وقت لونڈی کے ہاتھ سے پیالہ گر گیا، اس پر آپ کو غصہ کی حالت میں دیکھ کر لونڈی کو اچانک مذکورہ آیتِ قرآن یاد آگئی اس نے اسی وقت اس قرآنی آیت کی تلاوت کرنا شروع کر دی (کہ اللہ کے بندے غصہ پی جاتے ہیں ) تو امام صاحب نے اس سے کہا کہ میں نے غصہ پی لیا ہے ، اس لونڈی نے اس کے بعد قرآن کی اسی آیت کا اگلا حصہ پڑھا (کہ وہ احسان کرنے والے ہوتے ہیں) تو امام صاحب نے فرمایا کہ جا میں نے تم کو آزاد کیا۔ علامہ صاحب نے یہ بھی کہا کہ اس محفل پاک کی نسبت حضور غوث الثقلین شیخ عبد القادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ سے ہے جو نہ صرف انسانوں بلکہ جنوں کے بھی غوث ہیں اور اس طرح کی محافل کا مقصد ہمارے دلوں کے زنگ کو اتارنا ہے ۔

خطاب کے اختتام پر شرکاءمحفل نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا جس کے بعد لنگر گیارہویں شریف تقسیم کیا گیا ۔ محفل کے تمام انتظامات منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی نظامتِ اجتماعات اور منہاج یوتھ لیگ نے اور نقابت کے فرائض منہاج القرآن بارسلونا سپین کے ترجمان محمد اقبال چودھری نے سر انجام دیے ۔


|


|


|

|

|

|


|

|

|

|
فُل سائز تصاویر