گزشتہ جمعۃ المبار ک22 فروری سے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے تحت منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں حلقہ درود قائم کر دیا گیا ہے، منہاج القرآن کے مرکز لاہور میں گزشتہ 2 سالوں سے گوشہ درود کے نام سے ایک خصوصی جگہ قائم کی گئی ہے جس میں 24 گھنٹے آقاءدوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم پر درود و سلام پڑھا جاتا ہے اور دنیا بھر سے تحریک منہاج القرآن کے کارکنان اور تنظیمات کی طرف سے درود و سلام گوشہ درودد میں بھیجا جاتا ہے جہاں ہر مہینہ کی پہلی جمعرات کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری بذریعہ ٹیلیفون خطاب فرماتے ہیں اور اس ماہ میں پڑھا جانے والا درود و سلام آقاءدو جہاں صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کرتے ہیں ۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے تحت قائم کیے گئے حلقہ درود میں ہر جمعۃ المبارک کے دن نماز عصر کے بعد ایک گھنٹہ تک عاشقانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم بیٹھ کر درود و سلام پیش کیا کریں گے ، منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں حلقہ درود کی پہلی نشست میں 10 افراد نے حصہ لیا اور6500 مرتبہ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا ۔

اس موقع پر علامہ محمد ادریس رانا نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ دنیا بھر میں منہاج القرآن کے زیرِ انتظام اسی طرح حلقہ درود کا اہتمام کیا گیا ہے اور ہر مہینہ کروڑوں کی تعداد میں درود و سلام مرکز میں پہنچتا ہے جہاں سے بارگاہ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم میں پیش کیا جاتا ہے ۔ امیر تحریک منہاج القرآن بارسلونا علامہ عبد الرشید شریفی نے ناظمِ ممبر شپ حاجی محمد نذیر اداسی اور یوتھ لیگ کے صدر محمد عتیق کو حلقہ درود بارسلونا کا نگران مقرر کیا، انہوں نے بتایا کہ ابتداءمیں حلقہ درود کے انعقاد کے لیے جمعہ کا دن بعد نمازِ عصر کا وقت منتخب کا گیا ہے تاہم بعد ازاں دن اور وقت میں تبدیلی کی جا سکتی ہے ۔

یاد رہے کہ بارسلونا میں گزشتہ سال منہاج یوتھ لیگ کے تحت حلقہ درود کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں صرف منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوان ہی درود و سلام پڑھ کر مرکز بھیجتے تھی۔