گزشتہ اتوار 20 جنوری کو منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے زیرِ اہتمام Raval کے وسیع اسپورٹس ہال میں فلسفہ شہادتِ امام حسین(رض) کے عنوان سے 12ویں سالانہ شہادت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں کثیر تعداد میں مردو خواتین نے شرکت کی ۔ اس عظیم الشان محفل میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی نا ظم دعوت علامہ محمد ادریس رانا نے خصوصی خطاب فرمایا۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے امیر علامہ عبد الرشید شریفی نے کیا جس کے بعد نعتِ رسول مقبول (صلی اللہ علیہ وسلم) کا سلسلہ شروع ہوا جس میں بارسلونا کے معروف نعت خوانان نے آقائے دوجہاں (صلی اللہ علیہ وسلم) کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے ۔جن میں بارسلونا کے مشہور شاعر بہادر حسین صابر کے علاوہ محمد عا طف احتشام، عبدالواحد اور غلام محی الدین شامل ہیں۔

نمازِ مغرب کی ادائیگی کے بعد مرکزی ناظم دعوت علامہ محمد ادریس رانا کودعوت خطاب دی گئی جنہوں نے قرآن کریم کی آیات ِبینات سے اپنے خطاب کا آغاز سے کیا جس کی تشریح بیان کرتے ہوئے انہوں نے فرمایا کے اسلام امن وسلامتی کا دین ہے کائنات کی ابتداءسے لے کرآج تک کوئی ایسا دین آیا ہے نہ آئے گا، انہوں نے کہا کہ جس طرح اسلام کا مطلب امن و سلامتی ہے اسی طرح اس کے ماننے والے بھی امن و سلامتی کے پیکر ہیں ، انہوں نے کہا اسلام کا دہشت گردی اور دہشت گردوں سے کوئی تعلق نہیں یہ صرف اسلام کا بدنام کرنے کی ایک منظم سازش ہے ، انہوں نے حدیث نبوی (صلی اللہ علیہ وسلم) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرا مسلمان محفوظ رہے ، انہوں نے مومن کی مزید صفات بتاتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کے مطابق مومن وہ ہے جو اللہ تعالیٰ سے اپنا تعلق قائم کرکے سکون حاصل کری، جب بھی دو مومنین اپنے میں ملتے ہیں وہ السلام علیکم کہتے ہوئے ایک دوسرے پر سلامتی بھیجتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ انسان تو انسان ہے اسلام نے جانوروں پر بھی ظلم کرنے سے منع فرمایا ہے ۔

محفل کے موضوع پر بیان کرتے ہوئے انہوں نے فرمایا کہ امامِ عالی مقام حضرت امام حسین(رض) نے کربلا میں کسی صدارت یا بادشاہت کے لیے جنگ نہیں کی بلکہ انہوں نے اسلام کی اصلیت کو بچانے کے لیے اپنے آپ کو اور اپنے خاندان کو قربان کیا ، انہوں نے بتایا کہ امام حسین(رض) نے اپنی قربانی سے امتِ مسلمہ کو یہ سبق دیا ہے کہ جب بھی اسلام کوکوئی خطرہ پہنچے یا کسی انسان کو کوئی تکلیف ہو تو اس وقت صرف االلہ اللہ نہیں کرنی چاہیے بلکہ عملاً کوشش کرنی چاہیے ، تاکہ اسلام سے وہ خطرہ یا تکلیف دور ہو ، انہوں نے کہا کہ ابراہیم(علیہ السلام) کے فرزند اسماعیل(علیہ السلام) کی ایڑوں سے اگر وادی فاران کی غیر آباد جگہ پر پانی کا چشمہ جاری ہو سکتا ہے تو میدانِ کربلا میں امام حسین (رض) بھی اپنے قدموں سے کروڑوں چشمے جاری کر سکتے تھے لیکن انہوں نے اسلام کو بچانے کے لیے عملی کوشش کرنے کا درس دیا۔

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے آج امتِ مسلمہ چھوٹے چھوٹے ٹکروں میں تقسیم ہو کر رہ گئی ہے جو دن بدن زیادہ ہوتے جا رہے ہیں، اگر ہمارے اندر کوئی آج اگر کوئی صرف اللہ تعالیٰ کا نام لے ، کوئی آقائے دو جہاں(صلی اللہ علیہ وسلم) کی نعت پڑھے یا کوئی اہلِ بیت اطہار (رض) کی محبت کا دعویٰ کرے تو ہم لوگ ان میں سے ہر ایک کو ایک مخصوص گروہ کا بندہ تصور کرتے ہیں ۔

ناظم دعوت منہاج القرآن انٹرنیشنل نے بتایا کہ صحابہ کرام اور اہلِ بیت اطہار کی آپس میں بہت زیادہ محبت تھی اس بات کو ثابت کرنے کے لیے انہوں نے احادیث نبوی (صلی اللہ علیہ وسلم) کے حوالہ جات بھی دیے ، انہوں نے بالخصوص حضرت ابو صدیق(رض) اور حضرت عمر فاروق(رض) کی حضرت علی (رض) اور حسنین کریمین(رض) کے ساتھ محبت کو بیان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اور حضور (صلی اللہ علیہ وسلم) کے بعد اہل بیت سے محبت ایمان کا تیسرا سرچشمہ جبکہ صحابہ کرام سے محبت چوتھا سر چشمہ ہے ، انہوں نے کہا کہ آقا ءکے فرامین مقدسہ کے مطابق حسنین کریمین جنتیوں کے سردار ہیں اور اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ جنت میں وہی جا سکتے ہیں جن کے دل میں حسنین کریمین کی محبت ہو گی۔

اپنے خطاب کے آخر میں انہو ں نے بتایا کہ اتحاد بین المسلمین دورِ حاضر کی سب سے بڑی ضرورت ہے اور اس کا بیڑا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اٹھایا ہی، انہوں شرکاءکو تلقین کی کہ وہ اہل بیت (رض) کی محبت کے بارے مزید جاننے کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتب کو مطالعہ کریں اور ان کے خطابات بھی سنا کریں ۔

اسپورٹس ہال کے داخلی دروازہ پر منہاج لائبریری بارسلونا نے منہاج یوتھ لیگ کی نظامتِ پروڈکشن کے تعاون سے خصوصی سٹال لگایا گیا جس پر شیخ الاسلام کے خطابات اور قرآن کریم کا جدید اردو ترجمہ عرفان القرآن رکھا گیا ۔

محفل میں نقابت کے فرائض امیر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا علامہ عبد الرشید شریفی نے سرانجام دیے ۔اس پروگرام کے اختتام پر حاضرین میں تبرک تقسیم کیا گیا جس کا احسن انتظام حاجی محمد نذیر اداسی نے منہاج یوتھ لیگ سپین کے تعاون سے کیا اس کے علاوہ اس پروگرام کے تمام انتظامات بھی منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوانوں نے کیے ۔




فُل سائز تصاویر