منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین تورتوسا کے زیرِ انتظام تورتوسا کی مرکزی جامع مسجد میں محرم الحرام کی مناسبت سے ایک محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی کیمونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔اس محفل میں منہاج القرآن بارسلونا کے امیر علامہ عبد الرشید شریفی، سرپرست محمد نواز کیانی، ناظم نوید اصغر،نائب ناظم ممبر شپ محمد ذوالقرنین پاشا، ناظم نشرو اشاعت محمد ارشد نواز، منہاج یوتھ لیگ میں سے محمد علی اور محمد عثمان اور غفران اعظم کیانی نے شرکت کی ۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے امیرِ تحریک بارسلونا علامہ عبد الرشید شریفی نے کیا جس کے بعد ارفاق کیانی نے نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم جبکہ محمد بابر نے منقبت ِ امام حسین(رض) پیش کی ۔



منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی ناظمِ دعوت علامہ محمد ادریس رانا کو دعوتِ خطاب دی گئی جنہوں نے اپنے خطاب کا آغاز قرآن کریم کی آیات مقدسہ سے کیا جس کی تشریح بتاتے ہوئے انہوں نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر چیز کو انسان کے لیے پیدا فرمایا ہے اور انسان کو پیدا کرنے کا مقصد اللہ تعالیٰ کی عبادت ہی، انہوں نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کے قرآن کریم کے مطابق حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کی سب سے افضل مخلوق ہیں جبکہ حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم سب سے زیادہ اپنی اہل بیت سے محبت کرتے تھی، انہوں نے فرمایا کہ اگر ہم اللہ تعالیٰ سے محبت کرنا چاہتے ہیں اور ہمیں حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کرنا ہو گی اور اگر ہم آقاصلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کریں توان کی آل اور اہل بیت سے بھی محبت کرنا ہو گی ، انہوں احادیث نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ آقا صلی اللہ علیہ وسلم دورانِ نماز سجدہ میں ہوتے تھے تو حسین(رض) آکر پشت پر سوار ہو جایا کرتے تھے اور آقا ء صلی اللہ علیہ وسلم اپنے سجدہ کو اتنی دیر ختم نہ کرتے جتنی دیر حسین(رض) اوپر سوار رہتے ۔انہوں نے شرکاءمحفل کو تلقین کی کہ اگر وہ حسنین کریمین(رض) سے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کے بارے مزید جاننا چاہتے ہیں تو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتب کا مطالعہ کریں اور خطابات سنیں ۔

خطاب کے دوسرے حصے میں انہوں نے امتِ مسلمہ کے قرآن کریم سے ٹوٹے ہوئے رشتے کو جوڑنے پر زور دیا اور کہا کہ اگر ہم اپنی زندگی میں ذ ہنی سکون چاہتے ہیں تو ہمیں چاہیے کہ ہم قرآن کریم کی تلاوت کو اپنے معمولات زندگی کا حصہ بنائیں۔

انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر حاضرین کو بتایا کہ منہاج القرآن کے زیرِ انتظام پاکستان بھر میں 200 سے زیادہ جگہوں پر دروس قرآن کا سلسلہ جاری ہے جو کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی طرف سے امت کا قرآن سے ٹوٹا ہوا رشتہ بحال کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے انہوں نے بتایا کہ منہاج القرآن کا مطلب ہی قرآن کا راستہ ہے ، منہاج القرآن کا مقصد قرآن اور صاحب قرآن صلی اللہ علیہ وسلم سے تعلق کو مضبوط کرنا ہے ۔

امیرتحریک منہاج القرآن بارسلونا علامہ عبد الرشید شریفی نے منہاج لائبریری بارسلونا کی جانب سے اہل تورتوسا کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے خطابات کا تحفہ پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ منہاج القرآن کے رفقاءمیں سے اکثریت ایسے لوگوں کی ہے جو شیخ الاسلام کو سن کر مشن میں شامل ہوئے ہیں ۔

محفل کے اختتام کے بعد منہاج القرآن تورتوسا کی جانب سے علامہ محمد ادریس رانا اور بارسلونا سے آئے ہوئے دیگر مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا ۔