منہاج یوتھ لیگ سپین کے 15 سالہ حافظِ قرآن حافظ محمد اسد نے دعوتِ اسلامی بارسلونا کے مرکز پر 25ویں تراویح کے موقع پرقرآن کریم مکمل کر لیا ۔ حافظ محمد اسد نے چھوٹی عمر میں ہی پاکستان سے قرآن کریم مکمل کیا اور پھر بارسلونا میں آنے کے بعد جامع مسجد منہاج القرآن میں حافظ عبد الرزاق نقشبندی کے پاس دہرائی کی ۔
دعوتِ اسلامی میں ختمِ قرآن کے سلسلے میں منعقد ہونے والی محفل میں منہاج القرآن بارسلونا کی مرکزی تنظیم اور منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوانو ں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور حافظ محمد اسد کی حوصلہ افزائی کی ۔ منہاج القرآن بارسلونا کے تمام شرکاءنے حافظ محمد اسد اور ان کے والدِ محترم کو ان کے بیٹے کی اس عظیم کامیابی پر مبارک باد پیش کی ۔

ختم قرآن کی اس محفل میں منہاج القرآن بارسلونا کے خطیب علامہ عبد الرشید شریفی نے اپنے بیان میں درود و سلام کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس عظیم وظیفہ کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنا لینا چاہیے ، انہوں نے شرکاءمحفل کو بتایا کہ تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے گوشہ درود قائم کیا ہے جس میں 24گھنٹے آقائے دوجہاں پر درود و سلام پڑھا جاتا ہے ۔

محفل کے اختتام پر جامع مسجد منہاج القرآن بارسلونا کے امام حافظ عبد الرزاق نے خصوصی دعا کروائی جس کے بعد دعوتِ اسلامی بارسلونا کی طرف سے لنگر سے حاضرین کی تواضع کی گئی ۔

دعوتِ اسلامی کی مسجد میں قرآن کریم 25ویں تراویح پر ختم ہوا، یاد رہے کہ منہاج القرآن بارسلونا کی نئی مسجد میں 27 ویں کو اور منہاج القرآن بارسلونا کی پرانی مسجد میں 29ویں تراویح پر ختم قرآن کی محافل کا انعقاد کیا جائے گا۔