اتوار 27 اگست کو منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیرِ انتظام جامع مسجد منہاج القرآن بارسلونا میں شبِ برات کے سلسلے میں ایک عظیم الشان روحانی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں بارسلونا بھر سے اہلِ اسلام نے بھرپور تعداد میں شرکت کی ۔

بارسلونا حافظ عبد الرزاق نے صحیفہ ہدایت کی آیاتِ بینات سے کیاجس کے بعد سلسلہ نعت خوانی کا آغاز ہوا جس میں بارسلونا کے نامور نعت خوانان نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے، اس دوران نمازِ عشاءاداءکی گئی۔ جن خوش نصیبوں نے نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کرنے کا شرف حاصل کیا ان میں سرفراز احمد، محمد آصف فریدی، محمد جلیل،شاہد حسین، حافظ جنید اسلم، حیدر علی، منہاج یوتھ لیگ کے محمد عتیق، محمد شفیق، محمد ارشد، ذیشان علی، منہاج چلڈرن لیگ کے انعام حسین، محمد عثمان اور طلحہ شہزاد شامل ہیں ۔

نماز ِ عشاءکے بعد خطیب جامع مسجد منہاج القرآن بارسلونا علامہ عبد الرشید شریفی کو دعوتِ خطاب دی گئی، انہوں نے اپنے خطاب میں قرآن کریم کی آیت ِ مقدسہ کو موضوع بناتے ہوئے بتایا کہ شبِ برات کی رات وہ رات ہے جس میں قرآن کریم کا نزول لوحِ محفوظ سے سدرۃ المنتہیٰ پر ہوا، شبِ برات 15شعبان کی بابرکت رات ہے جس میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کے گناہ معاف فرماتا ہے ، انہوں نے احادیثِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس رات اللہ تعالیٰ اتنی تعداد میں اپنے بندوں کے گناہ معاف فرماتا ہے جتنی تعداد عرب کے قبیلہ بنو کلب کی بکر یوں کے جسموں پر بالوں کی ہے ۔

انہوں نے اولیائے کرام کے واقعات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیں آج کی رات اللہ تعالیٰ سے خصوصی دعا کے ذریعے توبہ طلب کرنی چاہیی، انہوں نے بتایا کہ اس رات اپنے عزیز و اقارب اور دوستوں سے معافی بھی طلب کرنی چاہیے ۔

خطاب کے بعد اجتماعی طور پر نمازِ تسبیح ادا کی گئی، محفل کے دوران مسجد میںلوگوں کی تعداد اتنی زیادہ تھی کہ بہت سے ساتھیوں کو مسجد سے باہر کھڑے ہو کر نمازِ تسبیح کی دوسری جماعت کا انتظار کرنا پڑا، محفل میں نوجوانوں اور بچوں کی تعداد دیدنی تھی ۔نمازِ تسبیح کے بعد علامہ عبد الرشید شریفی نے رقت آمیز دعا کروائی ۔ مسجد میں جگہ کی کمی کے باعث بہت سے ساتھی ان ایمان افروز ساعتوں سے محروم رہے۔

محفل کے اختتام سے قبل جو احباب 15 شعبان کا روزہ رکھنا چاہتے تھے ان کے لیے سحری کا معقول انتظام کیا گیا ۔محفل کے انتظامات منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین(بارسلونا)کی نظامتِ اجتماعات نے منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوانوں کی معاونت سے کیے ۔

فُل سائز تصاویر