گزشتہ دنوں امیر تحریک منہاج القرآن یورپ علامہ حسن میر قادری کے دورہ سپین کے موقع پر کتالونیا کے جنوبی شہر تورتوسا میں ایک خصوصی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی پاکستانی باشندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین (بارسلونا )کی تنظیم سے محمد اقبال چوہدری، محمد نواز کیانی ،حاجی محمد نذیر اداسی،علامہ عبد الرشید شریفی، نوید اصغر، خرم شبیر اور ذیشان علی نے شرکت کی ۔ محفل کا انعقاد ایک مقامی مسجد میں کیا گیا جس کی انتظامیہ میں وہاں کے رہنے والے پاکستانی اور مراکشی باشندے شامل ہیں۔تورتوسا میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی محفل تھی جس کی میزبانی کا شرف ممتاز سماجی شخصیت ممتاز حیدر شاہد نے حاصل کیا ۔ تورتوسا پہنچنے پر علامہ حسن میر قادری کا پرتپاک استقبال کیا گیا ، مقامی بچوں نے ان کو پھول پیش کیے ۔

محفل کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے منہاج القرآن بارسلونا کے خطیب علامہ عبد الرشید شریفی نے کیا اور نعتِ رسول مقبول محمد بابر نے پیش کی ۔ علامہ حسن میر قادری کو دعوتِ خطاب دی گئی انہوں نے اپنے خطاب کا موضوع کلمہ طیبہ کو بنایا اور کہا کہ کلمہ طیبہ کی جڑیں مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں ہیں جبکہ پوری دنیا میں اس کی شاخیں اور پتے پھیلے ہوئے ہیں ، شاخیں اور پتے کٹ سکتے ہیں لیکن پھر پیدا ہو جاتے ہیں، سپین میں بھی یہ شاخیں ایک مرتبہ کٹی جا چکی ہیں اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ان شاخوں کی ازسرِ نو ہریالی کے لیے کوشش کریں اور اس کے لیے ہم سب کو اس معاشرہ میں ایک مثال بننا ہو گا، اپنے اخلاق کو درست کر کے اسلام کی اصل تصویر پیش کرنا ہو گی، تحریک منہا ج القرآن کا مشن بھی یہی ہے ۔علامہ حسن میر قادری نے بتایا کہ لاہور میں تحریکِ منہاج القرآن کے زیرِ انتظام حرمین شرفین کے بعد دنیا کا سب سے بڑا اعتکاف انعقاد پذیر ہوتا ہے جس میں اس سال تیس ہزار سے زائد لوگ شرکت کریں گے ۔

امیرِ تحریک منہاج القرآن یورپ علامہ حسن میر قادری اور منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین (بارسلونا)کے سیکریٹری جنرل محمد اقبال چوہدری نے مقامی افراد کو کامیاب محفل کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی ۔

محفل کے اختتام پر منہاج القرآن انٹرنیشنل تورتوسا کی تنظیم سازی کی گئی جس کے ذمہ داران کی فہرست کچھ یوں ہے ۔ صدر(امجد تارڑ)، سینئر نائب صدر( حاجی محمد نواز) ، نائب صدر(محمد بابر) ، سیکریٹری جنرل(ممتاز حیدر)، جوائنٹ سیکریٹری(ابرار شاہ) ، ناظمِ مالیات(طاہرمحمود) ، ناظمِ نشر و اشاعت (غلام دستگیر بٹ) ، نائب ناظمِ نشر و اشاعت (محمد ارفاق کیانی )اور کوارڈینیٹر(بشارت حسین)۔

علامہ حسن میر قادری نے ذمہ داران کو تحریک ِ منہاج القرآن کے مشن کے متعلق آگاہ کیا، ان کو مبارک باد پیش کی اور ان کے لیے خصوصی دعا کی ۔



فُل سائز تصاویر