تحریک منہاج القرآن کے امیرِ برائے یورپ علامہ حسن میر قادری نے اپنے دورہ سپین کے دوران جامع مسجد منہاج القرآن ، بارسلونا میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کیاجس میں انہوں نے خطاب کے لیے معراج النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موضوع کا انتخاب کیا ، اس عظیم الشان اجتماع میں بارسلونا بھر سے عشاقِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

علامہ حسن میر قادری نے اپنے خطاب کا آغاز سورۃ نجم کی آیاتِ بینات سے کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے سب سے پیارے نبی حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم سے ملاقات کے لیے 27 رجب کی رات کو منتخب کیا اور اپنے پاس بلا کر اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم سے جو باتیں کی ان کی تفصیل ہمیں احادیث نبوی سے ملتی ہی، آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وسلم نے وہاں مالا ءاعلیٰ اور لامکاں پر بھی اپنی امت کو نہیں بھلایا اور وہاں بھی اپنی امت کے لیے خداوند قدوس سے بخشش مانگتے رہے، اللہ تعالیٰ نے جب 50 نمازوں کا تحفہ دیا تو حضرت موسیٰ علیہ السلام سے ملاقات کے بعد 9 مرتبہ نمازوں کی تعداد کو کم کروانے کے لیے بارگاہِ خداوندی تشریف لے گئے۔

علامہ حسن میر قادری نے کہا امت کو چاہیے کہ نماز جیسے تحفہ خداوندی کی قدر کرتے ہوئے اس کو اپنی زندگیوں میں شامل کرکے دینی و دنیوی مشکلات سے سے چھٹکارا حاصل کرے ۔