جامع مسجد منہاج القرآن بارسلونا میں 9 اگست بروزجمعرات کو شب بیداری کا اہتمام کیا گیا جس میں بارسلونا میں بسنے والے اہلِ اسلام نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اس محفل میں نوجوانوں اور بچوں کی تعدا د دیدنی تھی ۔

 نمازِ مغرب کے بعد محفل کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت حافظ عبد الرزاق نے حاصل کی ، نمازِ عشاءتک ثناءخوانانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم نے بارگاہِ رسالت مآب میں گلہائے عقیدت پیش کیی، ان خوش قسمتوں منہاج نعت کونسل کے آصف فریدی، منہاج چلڈرن لیگ کے اصفہان لیاقت، انعام حسین، علی اصغر، عاطف فاضل ، منہاج یوتھ لیگ کے حافظ محمد اسد ، محمد شفیق اور دیگر حاضرین میں سے قاری عبد الرحمان، حافظ جنید اسلم، محمد جلیل ،حیدر علی اور مقبول الٰہی شاکرشامل ہیں ۔





بعد از نمازِ عشاءامیرتحریک منہاج القرآن یورپ علامہ حسن میر قادری کو دعوتِ خطاب دی گئی جنہوں نے آیاتِ قرآنی اور احادیث نبوی کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے خطاب کا موضوع ٬٬عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور نسبتِ محمدی کی فضیلت ،،بنایااور آخر میں سفرِ معراج کے دوران پیش آنے والے واقعات کو تفصیل سے بیان کیا ۔

انہوں نے کہا انبیاءکرام ،فرشتوں اور تمام امتیوں کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے دیدار کا شوق ہی، اللہ تعالیٰ نے انبیاءکرام کا یہ شوق سفرِ معراج کے دوران بیت المقدس میں پورا کرایا تھا اور جس امتی کو بھی شوقِ دیدار ہوتا ہے وہ مدینہ منورہ لازمی جاتا ہی، حضرت موسیٰ علیہ السلام کا شوق سب سے زیادہ تھا انہوں نے اپنی قبر، بیت المقدس، چھٹے آسمان اور پھر واپسی پر بھی دیدارِ مصطفی کیا ، انہوں نے بتایا کہ حضرت موسیٰ اپنی قبر میں کھڑے ہو کر آقاعلیہ السلام پر درود پڑھ رہے تھے ، جبکہ سفرِ معراج میں فرشتوں نے دیدارِ نبوی کی سعادت سدرۃ المنتہی پر حاصل کی ۔

خطاب کے آخر میں انہوں نے نماز کی فضیلت بیان کی اور کہا کہ نماز اللہ تعالیٰ کی طرف سے اپنے محبوب کی امت کے لیے تحفہ ہی، انہوں نے کہا کہ نماز مومن کی معراج اس لیے ہے کہ جب نماز پڑھتے ہیں تو سفرِ معراج کی یاد تازہ ہوتی ہے ، انہوں نے کہا کہ نماز وہ چیز ہے جو زمین پر فرض نہیں ہوئی ۔


انہوں نے کہا کہ جب کوئی آقادوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پڑھتا ہے تو ثواب ملتا ہی، جب کوئی سلام پڑھتا ہے تو جواب ملتا ہے اور جب کوئی دونوں کام کرتا ہے تو اس کو دیدارنصیب ہوتا ہے ۔



انہوں نے بتایا کہ تحریکِ منہاج القرآن کے مرکز پر گوشہ درود بنایا گیا ہے جس میں 24 گھنٹے آقا صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پڑھا جاتا ہی، گوشہ درود میں بیٹھنے والا روزہ سے ہوتا ہے اور یہ کام بغیر کسی وقفہ کے ہر وقت جاری رہتا ہے ، انہوں نے بتایا کہ تحریک منہاج القرآن کی اعتکاف گاہ میں حرمین شریفین کے بعد دنیا کا سب سے بڑا اعتکاف ہوتا ہے جس میں اس سال 25 سی 30 ہزار مرد و خواتین شرکت کریں گے ۔

خطاب کے بعد چائے کا وقفہ کیا گیا اور نمازِ تسبیح کی جماعت ہوئی اور علامہ عبد الرشید شریفی نے خصوصی دعا کرائی، انفرادی عبادت کے بعدشرکاءنے نفلی روزہ کے لیے سحری کی جس کاانتظام منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی نظامتِ اجتماعات نے کیا جبکہ دیگر انتظامات منہاج یوتھ لیگ سپین نے سر انجام دیئے ۔ ۔ نمازِ فجر کے پر اس خصوصی محفل کا اختتام ہوا ۔

 

فُل سائز تصاویر