کانفرنس میں یورپ بھر سے سینکڑوں مرد و خواتین شرکت کریں گے ، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری خصوصی خطاب کریں گے

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیر اہتمام 9ستمبر 2012کو کوپن ہیگن میں یورپی امن کانفرنس (یورپین پیس کانفرنس) کا انعقاد کیا جائے گا جس میں بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری خصوصی خطاب کریں گے ۔کانفرنس میں ڈنمارک کے علاوہ یورپی ممالک سے عوام الناس اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے رفقاء و وابستگان سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کریں گے ۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک اور منہاج یورپین کونسل کے سیکریٹری جنرل محمد بلال اوپل کے مطابق گزشتہ سال لندن (برطانیہ ) میں ویمبلے ارینا میں امن کانفرنس کی کامیابی کے بعد ڈنمارک میں امن کانفرنس منعقد کرنے کا مقصد یورپ اور خصوصی طور پر ڈنمارک میں اسلام کا پیغام امن عام کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا میں اسلام کا صحیح تشخص اجاگر کرنے کے لیے اس طرح کی کانفرنسز کا انعقاد بہت ضروری ہے ۔

گزشتہ دنوں منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کی نیشنل ایگزیکٹو کونسل کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں اس تاریخی اہمیت کی حامل امن کانفرنس کے انعقا دکے لیے مختلف انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ۔امن کانفرنس کی تاریخ کی تصدیق (کنفرمیشن) ملتے ہی یورپ بھر سے تحریک منہاج القرآن کی تنظیمات کے عہدیداران نے شرکت کے لیے اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کا قافلہ محمد نواز کیانی کی قیادت میں ، منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کا قافلہ چوہدری اعجاز احمد وڑائچ کی قیادت میں، منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کا قافلہ ظہیر احمد انجم کی قیادت میں اور منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کا قافلہ علامہ حسن میر قادری کی قیادت میں امن کانفرنس میں شرکت کے لیے کانفرنس سے 2روز قبل ہی ڈنمارک کے دارلحکومت کوپن ہیگن پہنچ جائے گا ۔

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری ڈنمارک میں اپنے قیام کے دوران منہاج القرآن کی مقامی تنظیمات و فورمز کے زیر اہتمام منعقدہ دیگر عوامی اجتماعات و کانفرنسز سے بھی خطاب کریں گے ۔