صدر،وزیر اعظم ،وزیر اعلیٰ پنجاب سے شہر اعتکاف کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ کرنے کا مطالبہ 


 اعتکاف 2012ء کے سربراہ شیخ زاہد فیاض اور سیکرٹری جواد حامد کی شہر اعتکاف میں مشترکہ پریس کانفرنس

تحریک منہاج القرآن کے سینئرنائب ناظم اعلیٰ، اعتکاف 2012 کے سربراہ شیخ زاہد فیاض اور سیکرٹری جواد حامد نے شہر اعتکاف میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں آج(بروز جمعرات) شروع ہونیوالے اعتکاف کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔ اندرون و بیرون ملک سے ہزاروں خواتین و حضرات الگ الگ جگہوں پر اعتکاف بیٹھیں گے۔حرمین شریفین کے بعد اسلامی دنیا کے سب سے بڑے اعتکاف میں شرکت کیلئے کوئٹہ،کراچی شمالی علاقہ جات اور اندرون سندھ اور بلوچستان سے معتکفین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے پورے ملک میں اعتکاف کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ رجسٹریشن نہ کروانے والے افراد کیلئے جگہ نہیں ہے ۔بیرونی دنیا سے بھی سینکڑوں معتکفین شرکت کر رہے ہیں۔

شیخ زاہد فیاض اور جواد حامدنے کہا کہ انتظامیہ گذشتہ 3سال سے شہر اعتکاف کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے رہی ہے مگر امسال استثنیٰ نہیں دیا جا رہاہم صدر پاکستان، وزیر اعظم ،وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیئر مین لیسکو سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر اعتکاف کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے ۔ شدید گرمی اور حبس میں لوڈ شیڈنگ کے باعث ہزاروں افراد کو وضو اور سحری و افطاری کیلئے پانی کی کمی کا بھی شدید خدشہ ہے۔اس لئے دس روز کیلئے لوڈ شیڈنگ سے استثنیٰ دیا جائے۔اس موقع پر نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک ،احمد نواز انجم،ساجد محمود بھٹی،قاضی فیض الاسلام اور مرکزی کمیٹیوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ منہا ج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 2000نوجوان سیکیورٹی کی ڈیوٹی دیں گے۔شہر اعتکاف میں مختلف جگہوں پر کیمرے لگا دئیے گئے ہیں جبکہ انتظامیہ کی طرف سے پولیس کی بھاری نفری بھی سیکیورٹی پر مامور ہوگی ۔گرمی سے بچاؤ کیلئے مسجد کے صحن کے دونوں اطراف 4فٹ قطر کے 60بڑے پنکھے لگا دئیے گئے ہیں۔معتکفین کے وضو کیلئے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ طہارت خانوں کا بہتر انتظام موجود ہے۔ہزاروں افراد کیلئے 25ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم ہمہ وقت شہر اعتکاف میں ہو گی جبکہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی 4ایمبولینسز بھی ہمہ وقت موجود ہوں گی۔جامع المنہاج میں ہزاروں مرد جبکہ منہاج القرآن گرلز کالج میں خواتین معتکف ہوں گی۔امسال حسب روایت بیرونی ممالک سے بھی سینکڑوں افراد معتکف ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ تحریک منہاج القرآن کے بانی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری امسال نماز فجر کے بعد درس قرآن و تصوف دیں گے۔شیخ الاسلام کے دروس اور خطابات سے بہتر انداز میں استفادہ کرنے کیلئے شہر اعتکاف میں تین LEDسکرینز لگائی گئی ہیں تا کہ معتکفین کو خطابات دیکھنے اور سننے میں آسانی ہو۔شہر اعتکاف میں ساؤنڈ کا بہترین انتظام کر دیا گیا ہے ۔منہاج انٹرنیٹ بیورو نے منہاج ٹی وی MINHAJ.TVکے ذریعے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے خطابات اور شہر اعتکاف میں ہونیوالی دیگر محافل اور سرگرمیوں کو پوری دنیا میں براہ راست دکھانے کا اہتمام کیا ہے اس طرح پوری دنیا میں بسنے والے مسلمان شہر اعتکاف میں ہونیوالے مختلف پروگرامز سے استفادہ کر سکیں گے۔خواتین کی اعتکاف گاہ میں بھی دو بڑے سائز کی LEDسکرینز لگا دی گئیں ہیں۔ہزاروں معتکفین کیلئے سحری و افطاری کا وسیع انتظام کیا گیاہے ۔کھانوں کی پکوائی اور روٹیاں لگنے کا عمل ایک نظم کے تحت چلتا رہے گا اور اس بات کو یقینی بنایا گیاہے کہ سحری اور افطاری کیلئے بنایا جانیوالا تازہ کھانا بر وقت حلقوں میں پہنچ سکے اور ہر شخص مقررہ وقت پر سحر و افطار کر سکے۔ٹھنڈے پانی کا وسیع انتظام پورے شہر اعتکاف میں کر دیا گیا ہے ۔