لندن ائیر پورٹ پر منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ و یورپ کے عہدیداران نے شاندار استقبال کیا

20مارچ 2012بروز منگل، منہاج القرآن انٹرنیشنل کے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری انڈیا کے ایک ماہ کے دورے کے بعد لندن ہیتھروائیرپورٹ پہنچے اس موقع پر سفیر یورپ تحریک منہاج القرآن علامہ حافظ نذیر احمد خان قادری، صدر منہاج القرآن برطانیہ علامہ محمد افضل سعیدی، ڈائریکٹر منہاج اسلامک سنٹر لندن علامہ محمد صادق قریشی ، ترجمان منہاج القرآن یو کے شاہد مرسلین ، داؤد حسین مشہدی، سہیل بٹ، حاجی عبدالغفوراور دیگر عہدیداران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔

اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی و سرپرست اعلی ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ اسلام امن و محبت اور برداشت کا دین ہے جس میں قتل و غارت تو درکنار کسی کی دل آزاری کا تصور بھی نہیں ہے نوجوان نسل اپنے کردار کو مثبت اخلاق سے لیس کر ے کیوں کہ یہ وہ اسلحہ ہے جو خون ریزی کے بغیرلوگوں کے دل و دماغ فتح کرنے کے کام آتا ہے۔

ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ مسلمانان انڈیا کے دل محبت الہی اور عشق رسولﷺ سے بھرے ہیں دینی اجتماعات میں ان کی شرکت دیدنی تھا ۔ گجرات، حیدر آباد دکن، ممبئی،دہلی سمیت بھارت کے مختلف شہروں میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام منعقدہ اجتماعات کا اہتمام بڑے سٹیڈیمز میں ہونے کے باوجود جگہ کی تنگی محسوس کی جاتی رہی لیکن اس تمام کے باوجود بھارتی مسلمانوں اور قومی و علاقائی حکومتوں نے نہ صرف ان کے اجتماعات کے اہتمام کشادہ دلی کا مظاہرہ کیا بلکہ انھیں بھارتی دورے کے دوران سرکاری مہمان کا درجہ دیتے ہوئے Z+(زیڈ پلس) سیکورٹی خصوصی طور پر مہیا کی ۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ بعض لوگوں کو میرااور منہاج القرآن کا بھارتی عوام کے دلوں کو فتح کرنے کا عمل ناگوار گذرا لیکن وہ انھیں صرف اتنا باور کروانا چاہتے ہیں کہ اکیسویں صدی کا نوجوان علم دلیل کے زور پر مانتا ہے اب محض نعروں اور فتووں کی بنیاد پر تبلیغ و اشاعت دین کا فریضہ سرانجام دینا مشکل اور نا ممکن ہے علماء و مشائخ کو دینی علوم عام کرنے کے لیے جدید طرز تعلیم کو سمجھنا اور پرکھنا ہو گا۔