منہاج اسلامک سنٹر اوسپتالیت کی افتتاحی تقریب 12جولائی 2012 بروز جمعرات شام 5بجے منعقد ہو گی، جس میں پاکستانی کیمونٹی کی مذہبی، سماجی و سیاسی تنظیمات کے سربراہان، مقامی (سپانش ) سیاسی و سماجی تنظیمات کے نمائندگان، پاکستانی ویلفیئر قونصلر، حکومت کاتالونیا کے ڈائریکٹر مذہبی امور، بلدیہ اوسپتالیت کے نمائندگان اور مختلف اخبارات کے نمائندگان شرکت کریں گے ۔ اہل اوسپتالیت کو اس تقریب میں شرکت کی دعوت عام ہے۔

یہ سنٹر اوسپتالیت میں C / Oriente, 46میں واقع ہے جہاں میٹرو لائن1کے سٹاپ Torrassaیا لائن 5کے سٹاپ Collblancکو استعمال کرتے ہوئے پہنچا جا سکتا ہے ۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے تحت 2011ء کے اوائل میں بارسلونا کے قریبی شہر اوسپتالیت دے یوبرے گات Hospitalet de Llobregatمیں مسجد اور اسلامی مرکز بنانے کے لیے مناسب جگہ کی تلاش شروع کی گئی تھی جو کہ چند ماہ کے بعد حاصل کر لی گئی ۔ تقریبا 8ماہ کے تعمیراتی کام کے بعد الحمد للہ تعالیٰ اسلامک سنٹر کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے ۔ منہاج اسلامک سنٹر اوسپتالیت میں پنج گانہ نماز کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ نماز جمعہ، ماہانہ و سالانہ اسلامی محافل، بچوں اور خواتین کی دینی تعلیم و تربیت کے علاوہ سماجی تقریبات بھی منعقد ہوا کریں گی ۔ سنٹر میں استفادہ عام کے لیے اسلامی لائبریری کے لیے جگہ بھی مختص کی گئی ہے ۔