مقابلہ حُسن قرات و حُسن نعت میں اول، دوم اور سوم آنے والوں کو انعامات دیے جائیں گے

بارگاہ ایزدی میں سابقہ گناہوں کی معافی اور آئندہ سال کے لیے امن و سلامتی کی دعا کی جائے گی

31دسمبر 2011کی رات بارسلونا، سپین کی پاکستانی کیمونٹی نئے سال 2012کا آغاز منفرد طریقے سے کرے گی جس کے تحت منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں محفل حسن نعت و حسن قرات کا انعقاد کیا جائے گا ، محفل میں حسن قرات کا ایک مقابلہ جبکہ حسن نعت کے دو مقابلے ہونگے ، پہلا مقابلہ سولہ سال سے کم عمر اور دوسرا سولہ سال سے زیادہ عمر کے افراد کے درمیان ہو گا۔

محفل کا آغاز نماز عشاء کے فوراً بعد ہو گا۔بارسلونا کے معروف قراء حضرات اپنے اپنے انداز میں تلاوت اور ثناء خوانان نعت رسول مقبول ﷺ پیش کریں گے اس کے علاوہ اس دفعہ سیف الملوک پڑھنے والے بھی محفل میں حصہ لیں گے اور امیر منہاج القرآن بارسلونا علامہ عبد الرشید شریفی شانِ رسالت مآب ﷺ پر خطاب بھی کریں گے ۔ رات 12بجے نئے سال کے آغاز درود و سلام کے ساتھ کیا جائے گا اور محفل میں ہونے والے مقابلہ جات کے نتائج کا اعلان رات 12:15پر کیا جائے گا جس کے بعد نماز تسبیح اداء کی جائے گی، خصوصی دعا ہو گی اور لنگر تقسیم کیا جائے گا ۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی طرف سے بارسلونا اور گرد و نواح کی پاکستانی کیمونٹی کو شرکت کی دعوت عام ہے ۔ یاد رہے کہ نئے سال کی رات پبلک ٹرانسپورٹ (میٹرو اور بس ) ساری را ت چلتی رہے گی ۔