منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے زیر اہتمام اسپورٹس ہال El Raval اور منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں عید الفطر کی 3 جماعتوں کا انتظام کیا جائے گا ، دونوں جگہوں پر نماز عید الفطر کی پہلی جماعت8:30، دوسری جماعت 9:15 اور تیسری جماعت 10 بجے اداء کی جائے گی ۔ ضرورت پڑنے پر مزید جماعتوں کا انتظام بھی کیا جائے گا ۔ خواتین کے لیے نماز 10 بجے جامع مسجد منہاج القرآن میں ہو گی ۔

13 ستمبر بروز اتوار کو منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں عید الفطر کے انتظامات کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس میں منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چوہدری نے بتایا کہ گزشتہ سال اسپورٹس ہالEl Raval کی انتظامیہ نے ایک وقت میں نماز کے لیے 300 افراد تک کی حد مقرر کر دی تھی جس کی وجہ نماز کے لیے آنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑالیکن اب الحمد للہ طویل مذاکرات کے بعد 800 افراد کی مشروط اجازت مل گئی ہے ، تاہم اس اجازت کو قائم رکھنے کے لیے انہوں نے نماز کے لیے آنے والے تمام بھائیوں سے اپیل کی کہ وہ ڈسپلن کا مظاہرہ کریں اور انتظامیہ کو کسی شکایت کا موقع نہ دیں ، بالخصوص عید کی نماز کے لیے آنے والے افراد وہاں موجود انتظامیہ منہاج القرآن سے بھرپور تعاون کریں ۔اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ اسپورٹس ہال میں نماز کے لیے آنے والے افراد کو گزشتہ سالوں کی طرح داخلی دروازے پر جوتے رکھنے کے لیے شاپر دیے جائیں گے تاکہ نماز کے اختتام پر وہ اسپورٹس ہال کے دوسرے دروازے سے جلد از جلد نکلیں اور اس طرح دوسری نماز والوں کا آسانی سے داخلہ ممکن ہو ۔

منہاج ویمن لیگ سپین کی صدر محترمہ صفیہ شبیر نے نظامت نشر و اشاعت سے اپنی گفتگو میں بتایا کہ گزشتہ سالوں کی طرح خواتین کے لیے بھی نماز عید کا انتظا م کیا جائے گا ۔ جامع مسجد منہاج القرآن بارسلونا (چھوٹی مسجد)میں پورے 10 بجے جماعت ہو گی ۔