عوام الناس کی طرف آنے والی تجاویزکی روشنی میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا نے فیصلہ کیا ہے کہ 10 جولائی سے منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا(المعروف بڑی مسجد) میں بھی 2 جماعتیں ہوا کریں گی۔ نماز جمعہ کی پہلی جماعت 2:10 پر اور دوسری جماعت 3:00 بجے ہو گی ۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے سیکریٹری جنرل نوید احمد اندلسی نے 3 جولائی کو نماز جمعہ کے اجتماع میں اعلان کیا کہ آئندہ جمعۃ المبارک سے 2:10 پر پہلی جماعت ادا کی جائے گی اور 3:00 بجے دوسری جماعت ادا کی جائے گی ۔ پہلی جماعت سے قبل خطاب نہیں ہوا کرے گا جبکہ دوسری جماعت سے پہلے 30 منٹ کا خطاب ہو گا ۔ جو افراد پہلی جماعت میں نماز ادا کریں گے ان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ فرض نماز کی ادائیگی کے بعد جلد از جلد مسجد خالی کریں تاکہ دوسری جماعت کے لیے افراد مسجد میں داخل ہونا شروع ہو سکیں ۔ عوام سے یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ اگر پہلی جماعت کے وقت سے پہلے ہی مسجد میں جگہ مکمل ہو جاتی ہے تو وہ دوسری جماعت کے لیے مسجد کے دروازے کے سامنے کھڑے ہونے کی بجائے قریبی Plazas (کھلی جگہ) پر انتظار کر لیں اور اگر ہو سکے تو 2:30 پر ہی مسجد میں آئیں۔ نئے شیڈول کے مطابق پہلی جماعت (بغیر خطاب کے) حافظ محمد مسعود صاحب اور دوسری جماعت (خطاب کے ساتھ ) حافظ محمد عابد نقشبندی کروایا کریں گے۔

اس سے قبل منہاج القرآن بارسلونا کی نئی مسجد میں نماز جمعہ کی صرف ایک جماعت ہوتی تھی جس کی وجہ سے بہت سے لوگ نماز سے محروم رہ جاتے تھے (بالخصوص وہ افراد جنہوں نے دن کو کام کے لیے جانا ہوتا تھا اور مقامی طلبہ جن کو سکول سے لیٹ چھٹی ہوتی تھی )اور ان کو نماز کی ادائیگی کے لیے منہاج القرآن بارسلونا کی دوسری مسجد یا دیگر مقامی مساجد میں جانا پڑتا تھا ۔بارسلونا میں پاکستانی قونصلیٹ کے عملے ، مقامی پاکستانی تنظیمات اور عوام الناس کی طرف سے منہاج القرآن بارسلونا کی انتظامیہ سے اس مسئلہ کو حل کرنے کے لیے اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا ۔ نئے شیڈول کے اعلان کے بعد نماز جمعہ کے لیے آنے والے افراد نے خوشی کا اظہار کیا ہے ۔

یاد رہے کہ منہاج القرآن بارسلونا کی دوسری مسجد (جامع مسجد منہاج القرآن بارسلونا یا پرانی مسجد) اور منہاج القرآن بادالونا میں نماز جمعہ کے اوقات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی لہٰذا وہاں پرانے اوقات کے مطابق ہی نماز جمعہ کی ادا ئیگی جاری رہے گی۔