گزشتہ دنوں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کی مرکزی مجلس عاملہ کا ایک اہم اجلاس جامع مسجد منہاج القرآن بارسلونا میں انعقاد پذیر ہوا جس میں یومِ عاشور کے سلسلے میں محافل کے انعقاد اور ان کی تیاریوں پر بات چیت کی گئی ۔ اجلاس میں علامہ عبد الرشید شریفی، محمد نواز کیانی، حاجی مظہر حسین، مرزا اکرم بیگ، نوید اصغر، حاجی صغیر حسین، محمد اقبال چوہدری، محمد عتیق، محمد ارشد نواز، حسنات مصطفی ہاشمی، شاہین ملک، چوہدری پرویز اختر، حاجی محمد نذیر اداسی اور طیب عثمان نے شرکت کی ۔

اجلاس میں یہ طے پایا کہ نواسہ رسول کی شہادت کی یاد میں محرم الحرام کا مرکزی پروگرام فلسفہ شہادتِ امام حسین کے عنوان سے 20 جنوری بروز اتوارکو شام 5 بجے سپورٹس ہال Raval میں ہو گا ۔

اس کے علاوہ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ 19جنوری بروز ہفتہ کی رات بعد نماز عشاء، تورتوسا میں بھی شہادتِ امام حسین کے عنوان سے ایک محفل کا انعقاد کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ بارسلونا اور تورتوسا کی ان محافل میں خطاب کے لیے مرکز منہاج القرآن لاہور سے ناظم دعوت علامہ محمد ادریس رانا تشریف لا رہے ہیں وہ اپنے دورہ سپین کے دوران سپین بھر میں مختلف مقامات پر خطاب فرمائیں گے جن میں بارسلونا کے علاوہ لوگرونیو، ثاراگوثا، گاندیا، والینسیا، برگوس اور میڈرڈ شامل ہیں ۔

بارسلونا کے مرکزی پروگرام کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت منہاج یوتھ لیگ سپین کی طرف سے بارسلونا بھر میں اشتہارات، ای میلز اور خصوصی دعوت ناموں کے ذریعے تشہیر کی جائے گی ۔