منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کی طرف سے پاکستان کی سابق وزیرِ اعظم محترمہ بینظیر بھٹو کے قتل کی شدید مذمت کی گئی ہے ، منہاج القرآن بارسلونا کے ناظمِ تعلقاتِ عامہ محمد اقبال چوہدری نے اپنے ٹیلیفونک بیان میں کہا کہ بینظیر بھٹو پر قاتلانہ حملہ ایک بزدلانہ کاروائی ہے، کسی سے سیاسی یا نظریاتی اختلاف تو کیا جا سکتا ہے مگر کسی کا جانی دشمن بن جانا انسانیت، اسلام اور جمہوریت کے اصولوں کے خلاف ہے ۔

امیرِ تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا علامہ عبد الرشید شریفی نے اپنے بیان میں اس واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو کا قتل ایک سفاکانہ اور بہیمانہ عمل ہے اس واقعہ کو قومی سانحہ قرار دینا چاہیئے، انہوں نے اس واقعہ کا ذمہ دار حکومتِ پاکستان کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ قاتلین کو گرفتار کر کے فوراً کیفرکردار تک پہنچایا جائے ۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے سیکریٹری جنرل نوید اصغر نے کل 28 دسمبر کو بعد نمازِ جمعہ تنظیم کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اس اجلاس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بادالونا اور منہاج یوتھ لیگ سپین کے ذمہ داران شرکت کریں گے ۔