منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیرِ اہتمام رمضان المبارک کے چاند کے متعلق اہم اجلاس آج بروز اتوار شام 6 بجے ہو گا جس میں شرکت کے لیے بارسلونا شہر کی تمام اسلامی تنظیمات و مساجد کے امام صاحبان کو دعوت دی گئی ہے ۔

اس اجلاس میں جدید سائنسی حوالہ جات اور شرعی اصولوں کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا کہ رمضان المبارک کا آغاز کب ہو گا ۔ اس سلسلے میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین نے سپین کی وزارتِ مواصلات کے محکمہ فلکیات سے تفصیلی رپورٹس حاصل کر لی ہیں ۔ اس اجلاس کا بنیادی مقصد سپین میں رمضان المبارک کا آغاز ایک ہی دن کرنا ہے ، تاکہ اتحادِ امت کا مظاہرہ ہو سکے ۔

اجلاس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام شرکت کریں گے ، جن تنظیمات و مساجد کو دعوت دی گئی ہے ان کے نام یہ ہیں ۔ مسجد طارق بن زیاد بارسلونا، القائم اسلام سنٹر بارسلونا، مدنی مسجد بارسلونا، فیضانِ مدینہ دعوتِ اسلامی بارسلونا، اسلامک سنٹر بارسلونا اور اسلامک کونسل آف کتالونیا ۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی جانب سے اس اجلاس میں خطیب علامہ عبد الرشید شریفی، سیکریٹری جنرل محمد اقبال، ناظمِ ویلفیئر محمد نواز کیانی اور ناظمِ نشرو اشاعت نوید اصغر شرکت کریں گے ۔

اس تاریخی نوعیت کے اجلاس کے اختتام پر جو بھی فیصلہ کیا گیا اس کو مقامی ریڈیو، پاکسلونا، پر پیش کرنے کے ساتھ ساتھ منہاج القرآن سپین کی ویب سائٹ www.Minhaj.es پر بھی لگایا جائے گا ۔ اس کے علاوہ رمضان المبارک کے چاند کے متعلق معلومات کے لیے منہاج القرآن بارسلونا کے مرکز پر بذریعہ ٹیلی فون بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے 933177123 ۔