پاکستان عوامی تحریک سپین کے نامزد صدر محمد اقبال چوہدری، سیکریٹری جنرل راحیل اکرم ایڈووکیٹ، سنیئر نائب صدر چوہدر امانت حسین، سینئر رہنماء چوہدری طارق مہدی اور چوہدری امتیاز آکیہ نے اپنے مشترکہ بیان میں گزشتہ روز پشاور میں ہونے والی وحشیانہ دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ کو انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ پورے پاکستان میں آخری دہشتگرد اور ان کے سرپرستوں کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ اس آپریشن کو مخصوص علاقوں تک محدود رکھنے کی بجائے اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے اور غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والی دہشت گردی اور انتہاء پسندی کو فروغ دینے والی نرسریوں کو بھی ختم کیا جائے۔ پاکستان عوامی تحریک سپین کے رہنماؤں نے انسانیت سوز واقعہ کے نتیجہ میں شہید ہونے والے معصوم طلباء، اساتذہ اور ان کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ سپین اور دنیا بھر میں بسنے ولا ہرپاکستانی اس المناک واقعہ پر غمزدہ ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دہشتگردی کے المناک واقعہ کے بعد PAT کے تحت 17دسمبر کو پاکستان بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے ملتوی کرتے ہوئے 3روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، اور اعلان کیا ہے کہ منہاج یونیورسٹی سمیت تحریک منہاج القرآن کے تحت پاکستان بھر میں چلنے والے سینکڑوں تعلیمی ادارے بھی 17دسمبر کو بند رہیں گے۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی